بنگلورو۔(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کی طرف سے پارٹی کے عہدیداروں اور ضلعی صدور کے تقرر کے سلسلے میں جو احکامات جاری کئے گئے تھے، پارٹی اعلیٰ کمان نے ان تمام پر روک لگادی۔ سابق وزیراعلیٰ کی طرف سے پارٹی کے عہدوں کی تقسیم میں اقرباءپروری سے کام لینے کی شکایات کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کی مرکزی قیادت نے یڈیورپا کو ہدایت دی ہے کہ مرکزی قیادت کی ہدایت کے بغیر پارٹی عہدیداروں کی کوئی فہرست جاری نہ کی جائے۔ چند دن قبل ہی یڈیورپا نے ریاست بھر میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے ضلعی صدور ، جنرل سکریٹریوں اور انچارجوں کا تقرر کردیاتھا، اس پر پارٹی کے متعدد لیڈران نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عہدیداروں کے اس ردوبدل میں ان لوگوں کی طرف خاص توجہ دی گئی ہے جو یڈیورپا کے ساتھ بی جے پی چھوڑ کر کے جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ یڈیورپا کے اس اقدام سے ریاست میں پارٹی کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ اعلیٰ کمان سے یہ بھی شکایت کی گئی کہ یڈیورپاان کے پاس آنے والے ہر معاملے کو اپنی رفیق خاص شوبھا کارند لاجے کی طرف موڑ دیتے ہیںجس کی وجہ سے پارٹی کے لیڈران اور مختلف اضلاع سے آنے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔